حیدر آباد ۲۷ نومبر ﴿ایس او نیوز﴾وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کانگریس اور ٹی آرایس دونوں خاندانی سیاست میں یقین رکھتے ہیں۔ یہ دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ دونوں جماعتیں ووٹ بینک کی سیاست میں یقین رکھتی ہیں۔ ان میں سے کسی میں بھی داخلی جمہوریت نہیں ہے۔ وزیراعظم نے تلنگانہ انتخابات کے سلسلہ میں ضلع نظام آباد میں بی جے پی امیدواروں کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آرایس اور کانگریس دوستانہ۔حکمرانی والی جماعتیں ہیں جو تلنگانہ انتخابات میں دوستانہ میچ کھیل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی اپرنٹس شپ کانگریس ہے ۔ انہوں نے کانگریسیوں سے سیکھا اور تلنگانہ کو برباد کیا۔ اگر جنہوں(کانگریس)نے پی ایچ ڈی کی اگر وہ اقتدار پرآگئے تو وہ 100سے زائد مرتبہ ریاست کو برباد کردیں گے۔ مودی نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کے چندرشیکھر راو کی حکومت میں ریاست کے عوام کو پینے کا مناسب پانی نہیں مل سکا جبکہ وزیراعلی نے یہ کہا تھا کہ اگر وہ ہر گھر کو پینے کا پانی فراہم نہیں کر پائے تو وہ ووٹ نہیں مانگیں گے۔
وزیراعظم نے وزیراعلی کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ چندرشیکھر راو نے کہا تھا کہ نظام آباد کو لندن بنا دیں گے لیکن یہاں تو بجلی، پانی ، سڑک جیسی سہولتوں کے لئے بھی لوگ ترس رہے ہیں۔ یہاں بنیادی سہولتوں اور ترقی کی کمی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی تشکیل کئی برسوں کی جدوجہد اور کئی نوجوانوں کی قربانی کے ذریعہ ہوئی ہے۔ ان قربانیوں کو برباد کرنے کا کوئی بھی اختیار یہاں کی حکومت کو نہیں ہے۔ تلنگانہ کے عوام نے جو خواب دیکھے تھے ان سے کھلواڑ کرنے کا حق کسی حکومت، لیڈر اور سیاسی جماعت کو نہیں ہے۔تلنگانہ کی تشکیل کے ساڑھے چار سال کے دوران کئے گئے کاموں کا حساب اور پل پل کا حساب یہاں کی حکومت سے مانگنے کا یہ چناو ہے۔